آٹھ جنوری کو امریکی وزارت انصاف نے کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والے مظاہرین میں سے 15 مظاہرین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی ہے ۔ وزارت انصاف کی ویب سائٹ پر پندرہ میں سے تیرہ ملزمان کے نام اور ان پر لگائے گئےالزامات کی تفصیلات بھی بتائی گئی ہیں جن کے مطابق ان پر کیپٹل ہل کی عمارت میں غیر قانونی طور پرداخل ہونے ، اس کی حدود میں ہنگامہ آرائی، تشدد اورعوام کے تحفظ کےسلسلے میں رکاوٹ ڈالنے کےالزامات عائد کیے گئے ہیں ۔ وزارت انصاف نے مزید بتایا کہ 40 کے قریب افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور کولمبیا ہائی کورٹ کی جانب سےان پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ ان پر عائد الزامات میں کیپٹل ہل میں غیر قانونی داخلے ، کرفیو ضوابط کی خلاف ورزی اور آتشیں اسلحے سے متعلق جرائم شامل ہیں۔ یاد رہے کہ چھ جنوری کو صدارتی انتخابات کے نتائج کی تصدیق کے لیے سینیٹ اور ایوان نمائندگان کے مشترکہ اجلاس کے دوران ، متشدد مظاہرین نے سینیٹ کی عمارت پر دھاوا بول دیا جس سے اجلاس کئی گھنٹوں تک تعطل کا شکار رہا۔ اس واقعے کے نتیجے میں 4 مظاہرین جب کہ ایک پولیس افسر ہلاک ہوا ۔