عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایدہانوم گیبریسس نے گیارہ تاریخ کو کہا کہ وائرس کا سراغ لگانے سے متعلق بین الاقوامی ماہر گروپ چودہ تاریخ کو چین جائے گا۔انہوں نے وائرس کا سراغ لگانے کی حمایت کرنے پر چین سمیت تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ماہرین کی بین الاقوامی ٹیم اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر نوول کورونا وائرس کے منبع کے بارے میں سائنسی تحقیق کرنے کے لیے چین جائے گی۔میں چین سمیت دیگر ممالک کا وائرس کا سراغ لگانے میں مدد فراہم کرنے پر شکر گزار ہوں۔مستقبل میں یہ وبائی امراض کے خطرے سے نمٹنے کے لئے بہت اہم ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے صحت کے ہنگامی منصوبے کے سربراہ مائیکل ریان نے کہا کہ وائرس کا سراغ لگانا انتہائی اہم ہے۔ وائرس کے ماخذ کو سمجھنے کا مقصد ہر گز کسی کو مورد الزام ٹہرانا نہیں، بلکہ اس وائرس کی انسانوں اور جانوروں میں منتقلی کے طریقہ کار کا سائنسی جواب تلاش کرنا ہے تاکہ بنی نوع انسان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ یہ سرگرمیاں سیاسی کی بجائے سائنسی انداز میں آگے بڑھنی چاہییں۔