بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ ایرانی حکام سے بات چیت کے لیے تہران پہنچ گئے

2021-02-21 16:39:44
شیئر:
ایران کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی(IAEA)کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی ہفتے کو تہران پہنچ چکے ہیں تاکہ آئی اے ای اے کے ساتھ ایران کے تعاون کے لئے ایرانی حکام سے بات چیت کی جاسکے۔ اس سے قبل آئی اے ای اے کے ایک ترجمان نے کہا کہ گراسی سینئر ایرانی عہدیداروں سے بات چیت کریں گے تاکہ ایران میں تنظیم کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے باہمی متفقہ حل تلاش کیا جاسکے۔ترجمان کے مطابق ایران نے واضح کر دیا تھا کہ وہ تیئیس فروری تک جوہری معاہدے کے تحت رضاکارانہ شفافیت کے اقدامات پر عمل درآمد روک دے گا ۔ آئی اے ای اے کے مطابق جوہری معاہدے کی روشنی میں تنظیم کے پاس ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق وسیع تر معلومات تک رسائی ہے   جبکہ اضافی پروٹوکول تنظیم کے معائنہ کاروں کو ایران کے کسی بھی مقام تک مکمل رسائی کی اجازت دیتا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس ہفتے کے شروع میں کہا تھا کہ ایران گروسی کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے ، لیکن 2015 کے جوہری معاہدے پر دوبارہ بات چیت نہیں کرے گا۔