چین اور پاکستان کی دوستی کی جڑیں بہت گہری ہیں، لاہور میں چینی قونصلیٹ کے قائممقام قونصلر جنرل پنگ زینگ وو

2021-09-09 17:47:37

پاکستان اور چین کے 70سالہ سفارتی تعلقات کے سلسلہ میں چھوٹے بچوں کی پاک چین دوستی کے حوالے سے اظہا رخیال پر مبنی مختصر دورانیے کی ویڈیو جاری کر دی گئی،مختصر دورانیے کے ویڈیو میں سکول جانے اور مختلف جگہوں پر کام کرنے والے بچوں نے چین اور چینی لوگوں کے بارے میں کسی بھی طرح کے پراپیگنڈے سے قطعاًمتاثر ہوئے بغیر اپنی دلی اور والہانہ محبت کا بر ملا اظہار کیا۔ مختصر دورانیے کی ویڈیو انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسر چ (آئی آئی آر ایم آر) کے چیئرمین محمد مہدی اور صدر یاسر حبیب خان کی کاوشوں سے جاری کی گئی ہے۔ اس حوالے سے چینی قونصلیٹ کے قائمقام قونصلر جنرل پنگ زینگ وونے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں پاکستانی بچوں کے چین کے حوالے سے احساسات اور جذبات اس بات کا مظہر ہیں کہ پاک چین دوستی کی جڑیں نچلی سطح تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اور میڈیاریسرچ کی گراں قدر خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سر گرمیاں لوگوں سے لوگوں تک اور دلوں سے دلوں تک کے منفرد روابط کو پروان چڑھانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسر چ کے چیئرمین محمد مہدی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی میں یہ بڑا اہم سنگ میل آ گیا ہے کہ اب پاکستان اور چین کے بچے بھی اس کا حصہ بن گئے ہیں۔پاکستان اورچین کے 70سالہ سفارتی تعلقات کی تقریبات اور کمیونسٹ پارٹی چائنہ کے قیام کی 100 سالہ تقریبات اکٹھی آگئی ہیں جس پر دونوں ممالک کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ کے صدر یاسر حبیب خان نے کہا کہ مختصر دورانیے کی ویڈیو بنانے کے حوالے سے جب انٹر ویوز اورسروے کا آغاز کیا گیا تو پاکستانی بچوں کی پاک چین دوستی کے حوالے سے ایک خاص چیز جوپہلی بار دیکھنے کو ملی وہ یہ کہ انٹر ویوز اور سروے میں سکول جانے والے اور مختلف جگہوں پر کام کرنے والے بچوں سے جب چین اور چینی لوگوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کسی طرح کے پراپیگنڈے سے متاثر ہوئے بغیر چین اور اس کے لوگوں سے اپنی دلی اور والہانہ محبت کا بر ملا اظہار کیا جو خوشگوار حیرت کا باعث ہے۔