بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ کا دورہ ایران

2021-09-12 16:22:51
شیئر:
ایران کی مہر نیوز ایجنسی کی بارہ تاریخ کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل میرانو گروسی کے دورہ ایران کے دوران ، ایجنسی ایران کی جوہری تنصیبات کی اندرونی نگرانی  کا ویڈیو  حاصل نہیں کر سکے گی ۔گروسی نے 12 تاریخ کو ایران کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں ان کی ایران کی جوہری توانائی تنظیم کے چیئرمین محمد اسلامی سے ملاقات ہو گی۔اس سے قبل 11 تاریخ کو غیر ملکی میڈیا نے اطلاع دی کہ ایران اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد ہی گروسی نے ایران کا دورہ کیا ہے ۔ ایران نے ایجنسی کو اپنی ایٹمی تنصیبات میں داخلے اور مانیٹرنگ کے آلات کی ترتیب نو کا حق دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے جواب میں 13 ستمبر کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے  اجلاس میں برطانیہ ، جرمنی اور فرانس ایران کے خلاف اپنی تجاویز روک دیں گے۔ تاہم ایران نے غیر ملکی میڈیا کے دعووں کی تردید کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایران نے رواں سال فروری میں پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کردہ "انسداد پابندی اسٹریٹجی قانون " پر عمل درآمد کرتے ہوئے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی ایران پر نگرانی کی سرگرمیوں کو معطل کر دیا تھا۔ تاہم اُس وقت ایران اور ایجنسی کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا کہ اگر امریکہ تین ماہ کے اندر ایران پر عائد  پابندیاں ہٹاتا ہے تو ایران نگرانی کا ڈیٹا بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے حوالے کر دے گا۔بصورت دیگر ایران ڈیٹا تلف کر دے گا۔ رواں سال مئی میں اس عارضی معاہدے کی میعاد ختم ہونے کے بعد  ایران اور ایجنسی نے اس میں ایک ماہ کی توسیع کر دی تھی مگر جون میں ایران نے اس میں مزید توسیع سے انکار کر دیا تھا۔