شام نے مصر سے لبنان گیس فراہمی کو اپنے خاص حصے سے مشروط کر دیا

2021-09-12 16:37:21
شیئر:
شام کے وزیر پٹرولیم اور معدنی وسائل باسم توما نے گیارہ  تاریخ کو کہا کہ شام نے مصر کی جانب  سے براستہ شام لبنان کو قدرتی گیس کی فراہمی کو اپنے ایک مخصوص حصے سے مشروط کر دیا ہے۔
شام اور مصر کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق  گیس کی ترسیل کے بدلے مصر شام کو ادائیگی کرے گا یا اس کے مساوی قدرتی گیس فراہم کرے گا۔ توما نے کہا کہ یہ تعاون نہ صرف شام اور دیگر عرب ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کا ایک اہم قدم ہے ، بلکہ اس سے شام پر امریکی پابندیوں کے باعث بجلی کی قلت سے پیدا ہونے والے مسائل دور ہو سکیں گے ۔ 
یاد رہے کہ چار ستمبر کو لبنان کے سرکاری وفد نے شام  کا دورہ کیا تھا  جس کے بعد  شام نے  مصر سے گیس اور اردن سے بجلی براستہ شام لبنان کو فراہم کرنے پر  اتفاق کیا تھا۔ آٹھ  ستمبر کو اردن ، مصر ، شام اور لبنان کے وزرائے  توانائی کے درمیان اردن کے دارالحکومت عمان میں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس میں لبنان میں توانائی کی قلت کو دور کرنے کے لیے مذکورہ پیش رفت پر اتفاق کیا گیا تھا۔ مصر نے 2009 میں پائپ لائن کے ذریعے لبنان کو قدرتی گیس  کی فراہمی  شروع کی تھی لیکن 2011 سے  یہ عمل  تعطل کا شکار رہا ہے ۔