افغانستان میں تعینات چینی سفیر وانگ ایو نے چودہ ستمبر کو افغان عبوری حکومت کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔وانگ ایو نے افغانستان میں چینی باشندوں ،چینی کاروباری اداروں کے اثاثہ جات اور سفارتخانے کی سیکیورٹی کے تحفظ پر افغانستان کے اقدامات کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ چین اپنی صورتحال کے مطابق اپنے ترقیاتی راستے کے انتخاب کے لیے افغان عوام کے حق کا احترام کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ افغانستان میں وسیع اور جامع سیاسی ڈھانچہ قائم ہو جائے گا۔چین افغانستان کو ویکسین اور امدادی سازوسامان فراہم کرنے پر تیار ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر دہشت گردی پر کاری ضرب لگانے میں افغانستان کی مدد کرے گا تاکہ افغانستان میں استحکام اور اقتصادی ترقی جلد سے جلد عمل میں لائی جاسکے۔ افغان عبوری حکومت کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ چین افغانستان کا دوست پڑوسی ملک ہے اور چین کی افغان پالیسی ہمیشہ سے معقول اور غیرجانب دار رہی ہے۔افغانستان کو امید ہے کہ چین سمیت عالمی برادری کی مدد سےحکمرانی کی صلاحیت میں مسلسل بہتری آئے گی اور افغان سرزمین پر کسی بھی قوت کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ دوسرے ممالک کو نقصان پہنچائے ۔