چین پاکستان ہائر ایجوکیشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا قیام

2021-10-15 17:11:42
شیئر:

چین پاکستان ہائر ایجوکیشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا قیام_fororder_676

پندرہ اکتوبر کو سی پیک یونیورسٹیوں کے کنسورشیم کی چوتھی ایکسچینج میکانزم کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس بیجنگ یونیورسٹی ، بیجنگ اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد میں آن لائن اور آن سائٹ طریقوں کے ذریعے بیک وقت منعقد ہوئی۔اس کانفرنس میں پاکستان کے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت جناب شفقت محمود،چائنا ایسوسی ایشن آف ہائر ایجوکیشن کے صدر جناب ڈو یوبو؛ سی پی سی کمیٹی کے سیکرٹری اور بیجنگ یونیورسٹی کونسل کے چیئرمین پروفیسر کیو شوپنگ ، ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی ا یگزیکٹو ڈائریکٹر   ڈاکٹر شائستہ سہیل ، پاکستان میں چین کے سفیر محترم جناب نونگ رونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر جناب معین الحق خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
انیس سی پیک یونیورسٹیوں کا کنسورشیم سنہ2017 میں قائم کیا گیا تھا۔ اس وقت کنسورشیم میں 10 پاکستانی اور 9 چینی یونیورسٹیاں شامل تھیں۔ اب  کنسورشیم میں شامل یونیورسٹیوں کی تعداد 83 ہوچکی ہے، جن میں 61 پاکستانی اور 22 چینی یونیورسٹیاں شامل ہیں۔ کنسورشیم کی تیز رفتار ترقی چین اور پاکستان کے  صنعتی ، کاروباری ، بنیادی ڈھانچے ، ثقافتی اور سماجی و معاشی تعاون کے نتیجے میں تعلیمی تعاون کے نئے آغاز کی نشاندہی کرتی ہے۔
چوتھی ایکسچینج میکانزم کانفرنس کا کامیاب انعقاد کووڈ-19 کے مشکل ترین دور میں کیا گیا ہے۔ موجودہ کانفرنس اس حوالے سے بھی اہم ہے کہ یہ چین پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی جارہی ہے۔اس کانفرنس کے دوران چین پاکستان ہائر ایجوکیشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بھی قائم کیا گیا۔ انسٹی ٹیوٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت سائنسی ، معاشی ، زرعی ، تعلیمی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے باہمی ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دونوں ممالک میں اعلی درجے کی اعلیٰ تعلیم کی تحقیق کو مزید سہولت فراہم کرے گا۔