افغانستان اپنےہمسایہ ممالک سمیت بین الاقوامی برادری کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ قائم مقام افغان وزیرِ اعظم

2021-11-28 18:41:45
شیئر:
اٹھائیس نومبر کی  رات افغانستان کی عبوری حکومت کے قائم مقام وزیر اعظم  ملا حسن اخوند نے اپنے سرکاری خطاب میں  کہا ہے کہ افغانستان اپنےہمسایہ ممالک اور علاقے کے دیگر ممالک سمیت بین الاقوامی برادری کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔
 افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے قیام کے بعد سے ریڈیو اور ٹیلی وژن پر کیے جانے والے اپنے پہلے سرکاری خطاب  میں  حسن اخوند نے کہا کہ افغانستان  تمام ممالک کے ساتھ اچھے سفارتی و اقتصادی تعلقات اور ہم آہنگی کا خواہاں ہے۔ افغانستان کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا، یہ ہماری پالیسی نہیں ہےاورافغانستان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی ۔اب، افغانستان اپنے ملک کی تعمیر نو پر توجہ دے رہا ہے اور افغانستان پر دباؤ ڈالنے سے کسی کو فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔
 حسن اخوند نے خواتین کی تعلیم سے متعلق کہا کہ ہم خواتین اور لڑکیوں کے تعلیم کے حقوق کا احترام کرتے ہیں۔ خواتین کو اسلامی قوانین کے مطابق  تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
   انہوں نے صوبائی گورنروں، پولیس سربراہان اور ججوں پر بھی زور دیا کہ وہ افغانوں کو خدمات فراہم کرنے کی پوری کوشش کریں، اور  لوگوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔انہوں نے افغان قوم سے مطالبہ کیا کہ وہ  متحد ہو کر خیر سگالی اور بھائی چارے کے ساتھ ملک اور اس کی معیشت کی  تعمیر نو  کریں ۔