شام کے مسئلے پر آستانہ مذاکرات کا 17 واں دور اختتام پزیر

2021-12-23 11:26:41

شام کے مسئلے پر آستانہ مذاکرات کا 17 واں دور اختتام پزیر_fororder_44

بائیس تاریخ کو  قازقستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ شام کے مسئلے پر  آستانہ مذاکرات کا 17 واں دور  قازقستان کے دارالحکومت نور سلطان میں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ مذاکرات کے بعد فریقین کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ روس، ایران اور ترکی کے نمائندوں نے شام کے مسئلے کے ضامن کی حیثیت سے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ شام کی خود مختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کا احترام کریں گے اور شام کے مسئلے کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حل کریں گے۔تینوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ شام کے مسئلے میں شامل تمام فریقین کو مذکورہ اصولوں کی پابندی کرنی چاہیے۔ تینوں ممالک نے یہ بھی کہا کہ وہ دہشت گردی کی مختلف شکلوں اور علیحدگی پسند قوتوں سے نمٹنے کے لیے تعاون کریں گے جو شام کی آزادی اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بنیاد پر ہی ملک کے شمال مشرق میں طویل مدتی سلامتی اور استحکام کا حصول ممکن ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ مشترکہ بیان میں تمام فریقین نے شام کی انسانی صورتحال اور سماجی و اقتصادی ترقی پر  وبا کے سنگین اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ بیان میں تمام یکطرفہ پابندیوں کی مذمت کی گئی جو متعلقہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔