چینی صدر شی جن پھنگ اور ان کے روسی ہم منصب پوتن کے درمیان سال نو کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ

2021-12-31 19:23:27
شیئر:
اکتیس تاریخ کو چینی صدر شی جن پھنگ اور اُن کے روسی ہم منصب صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان سال نو کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا گیا۔صدر شی جن پھنگ نےچینی حکومت اور چینی عوام کی جانب سے صدر پوتن اور روسی عوام کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شی جن پھنگ نے  کہا کہ حالیہ عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد سازی مزید گہری ہوئی ہے۔ دونوں فریقوں نے وبا کے اثرات پر قابو پانے کے لیے سخت محنت کی اور ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لیے ہمہ گیر عملی تعاون کو فروغ دیا۔ شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ 2022 میں دونوں فریق چین روس کھیلوں کے تبادلے کا سال مناتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا ایک نیا باب رقم کریں گے۔
صدر ولادیمیر پوتن نے صدر شی جن پھنگ کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ 2021 میں روس۔چین تعاون نتیجہ خیز ثابت ہوا ہے۔ فریقین کے درمیان ہر سطح کی سیاسی بات چیت عمل میں آئی ہے۔ دوطرفہ تجارتی حجم ایک نئی بلندی تک پہنچ چکا ہے۔ جدت سے بھرپور سائنس اور ٹیکنالوجی کے سال نے ٹھوس ثمرات سامنے لائے ہیں۔ دونوں فریقوں نے اہم عالمی اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے قریبی تعاون کو برقرار رکھا ہے۔  پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں اطراف کی مشترکہ کوششوں سے مختلف شعبوں میں روس اور چین کے تعاون کو یقینی طور پر مزید ترقی ملے گی۔ صدر پوتن نے کہا کہ وہ روس چین کھیلوں کے تبادلے کے سال کی کامیابی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے پختہ اعتماد ظاہر کیا کہ چینی دوست بیجنگ سرمائی اولمپکس کی کامیابی سے میزبانی کرے گا اور وہ خود گیمز  کے افتتاح کے موقع پر صدر شی جن پھنگ سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
 اسی روز  چینی وزیر اعظم لی کہ چھیانگ نے بھی اپنے روسی ہم منصب کو سال نو کی مبارکباد دی۔