عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی سترویں سالگرہ کی مناسبت سے شاندار ضیافت کا انعقاد
عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی سترویں سالگرہ کے موقع پر بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ایک شاندار ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔چینی صدر شی جن پھنگ نے ضیافت میں شرکت کی اور قومی دن کے موقع پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جناب شی جن پھنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ستر برسوں میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں چین نے شاندار ترقی کی۔ستربرسوں میں چینی عوام نے اپنی جدوجہد کے ذریعے غربت کے خاتمے میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔اس عرصے میں چینی عوام پرامن ترقی کے راستے پر گامزن رہے ہیں اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں مثبت طور پرحصہ لے رہے ہیں۔
شی جن پھنگ نے پرزور الفاظ میں کہا کہ قومی اتحاد چین کی ترقی کی اہم ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ملک دو نظام کی پالیسی پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جانا چاہیئے اور ایک چین کی پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ چینی عوام عظیم عوام ہیں ، چینی قوم عظیم قوم ہے اور چینی ثقافت عظیم ثقافت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ پانچ ہزار سال کی تاریخ کی حامل اور ستر برسوں میں ترقی کےعظیم کارنامے سر انجام دینے والی چینی قوم مزید خوبصورت ابواب کا آغاز کرے گی۔مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے کل چار ہزار مہمانوں نے اس ضیافت میں شرکت کی۔