عوامی جمہوریہ چین کی سترویں سالگرہ کے موقع پر پاکستانی صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی مبارک باد

2019-10-02 19:40:04
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

یکم اکتوبر کو عوامی جمہوریہ چین کی سترویں سالگرہ کے موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عوامی جمہوریہ چین کو مبارک باد کے پیغامات بھیجے۔

پاکستانی صدر نے چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ کے نام مبارک باد کا پیغام بھیجا۔ اپنے پیغام میں صدرڈاکٹرعارف علوی نے قومی خوشحالی کے حصول، معیشت ، سائنس اور سفارتکاری کے شعبوں میں عالمی سطح پر رہنما کے طور پر ابھرنے کے سفر کے دوران چینی قوم کی جانب سے حاصل کی گئی کامیابیوں کی تعریف کی۔ صدر پاکستان نے اپنے پیغام میں اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر شی جن پھنگ کی ولولہ انگیز قیادت میں چین جلد اپنے نشاۃ ثانیہ کے خواب کی تکمیل کرے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان اس سفر میں ایک معتبر دوست اور شراکت دار کی حیثیت سے چین کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

اسی روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے چینی وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ کے نام اپنے پیغام میں چینی قوم کی جانب سے ترقی کے سفر کو دور حاضرکی انسانی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا۔ انہوں نے غربت کے خاتمے کے لئے چینی حکومت کی جانب سے کی جانے والی قابل ذکر کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا یہ کامیابیاں پوری دنیا کے لئے قابل تقلید ہیں۔ پاک چین دوستی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مزید مستحکم اور مضبوط ہو رہے ہیں۔

چینی وزیرخارجہ وانگ ای کے نام تہنیتی پیغام میں پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے گزشتہ ستر سالوں کے دوران ایک زرعی معیشت سے صنعتی اور اعلی معیاری ترقی کی حامل معیشت بن کر پوری دنیا کے لئے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے ستر برسوں کے دوران چین کی جانب سے حاصل کی جانے والی بے مثال ترقی پر مبارک باد پیش کی۔


شیئر

Related stories