غیرملکی کاروباری اداروں کو چین کی دوسری بین الاقوامی درآمدی ایکسپو سے توقعات
چین کی دوسری بین الاقوامی درآمدی ایکسپو پانچ سے دس نومبر تک چینی شہر شنگھائی میں منعقد ہوگی۔اس ایکسپو میں پہلی درآمدی ایکسپو کے مقابلے میں زیادہ کاروباری ادارے شرکت کررہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق دوسری بین الاقوامی درآمدی ایکسپو کے موقع پر ایسی مصنوعات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا جن کی رونمائی پہلی مرتبہ کی جائے گی۔جانسن اینڈ جانسن اور لوری ایل سمیت دیگر معروف غیرملکی کاروباری ادارے دوسری بین الاقوامی درآمدی ایکسپو میں شرکت کے لئے تیار ہیں۔یہ ادارے پر امید ہیں کہ دوسری درآمدی ایکسپو سے فائدہ اٹھا کر چینی منڈی میں اپنی رسائی کو مزید وسعت دیں گے۔
چین کی وزارت تجارت سے ملی اطلاعات کے مطابق ایک سو پچاس سے زائد ممالک اور علاقوں کے تین ہزار سے زائد کاروباری ادارے دوسری بین الاقوامی درآمدی ایکسپو میں شریک ہوں گے۔ دنیا کے 500 اولین صنعتی اور کاروباری اداروں کی فہرست میں شامل اداروں کی بھی ایک بڑی تعداد موجودہ ایکسپو میں شرکت کررہی ہے۔ یہ تعدادگزشتہ ایکسپو میں شریک ہونے والے اداروں کی تعداد سے زیادہ ہے۔ یہ اعداد و شمار بین الاقوامی اداروں کی شنگھائی بین الاقوامی درآمدی ایکپسو سے وابستہ توقعات کو ظاہر کرتے ہیں۔