بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں یومِ اقبال کی تقریب

2019-11-17 18:31:55
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارت خانےمیں یومِ اقبال کے سلسلے میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔مطالعاتی مرکز برائےجنوبی ایشیا کے ڈائریکٹر پروفیسر لیو شیئو شونگ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کے آغاز پر علامہ اقبال کی زندگی اور شاعرانہ افکار سے متعلق دستاویزی فلم پیش کی گئی۔جس کے بعد پاکستان کےصدر عارف علوی اور وزیرِ اعظم عمران خان کے پیغامات سنائے گئے ، جن میں علامہ کے پیغام کی اصل روح کو سمجھنے اور عصرِ حاضر میں اختلافات کو بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔

مہمانِ خصوصی پروفیسر لیو شیئو شونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین میں یومِ اقبال کا انعقاد ہمارے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے، انہوں نے علامہ کی لسانی مہارت اور شاعرانہ افکار پر بھی روشنی ڈالی ۔

پیکنگ یونیورسٹی کے شعبہِ اردو کے اساتذہ ، چینی طلبہ ، پاکستانی سفارت کاروں اور پیجنگ میں مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی اور علامہ کی شاعری اور افکار پیش کیے ۔ تقریب سے اختتامی خطاب میں پاکستانی سفیر محترمہ نغمانہ ہاشمی نے اردو زبان و ادب خصوصاً فکرِ اقبال سے چینی طلبہ کی محبت کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال صرف مشرق ہی نہیں بلکہ مغرب میں بھی اپنی فکرِ رسا اور فلسفیانہ تدبر کے باعث نا صرف مقبول ہیں بلکہ ان کے افکار نوجوانوں میں جذبہِ تعمیر جگانے کا باعث بھی ہیں۔


شیئر

Related stories