چین اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات
چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ اور چین کے دورے پر آئے پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان سترہ تاریخ کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ملاقات ہوئی۔اس موقع پر جناب شی جن پھنگ نے کہا کہ چین میں نوول کورونا وائرس کی شروعات میں پاکستان کی جانب سے فوری طور پر چین کے لیے حمایت کا اظہار کیا گیا اور اس وقت صدر پاکستان کا دورہ، چین سے بھرپور یک جہتی کا مظہر ہے۔جناب شی نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی جانب سے طبی سازو سامان کی بروقت فراہمی پر پاکستان کا شکرگزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آزمائش کی اس گھڑی میں ثابت کیا ہے کہ چین اور پاکستان روایتی حقیقی دوست ہیں۔صدر شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ چین دنیا بھر میں وائر س کی روک تھام و کنٹرول کا خواہاں ہے اور پاکستان کو بھی ہر ممکن امداد و حمایت فراہم کی جائے گی۔چین اور پاکستان ایک ہم نصیب سماج کے قیام کی عملی مثال کی عکاسی کریں گے۔جناب شی نے مزید کہا کہ چین ،پاکستان کے قومی تقاضوں کے مطابق ترقی کی سمت کی حمایت کرتا ہے۔سی پیک کو دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر میں نمایاں اہمیت حاصل ہے۔چین ٹڈی دل کے مسئلے سے نمٹنے میں بھی پاکستان کو حمایت فراہم کرے گا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر شی جن پھنگ کی قیادت میں وبا کے خلاف جنگ میں چین کی حاصل کردہ نمایاں کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک چین کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔پاکستانی صدر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وبائی صورتحال کے مکمل خاتمے کے بعد چین مزید ایک مضبوط ملک بن کر ابھرے گا۔انہوں نے اس موقع پر چند ممالک کی جانب سے چین مخالف رویوں کو عوام کی خواہشات کے برعکس قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدام ناکامی سے دوچار ہوں گے۔
اس سے قبل پاکستانی صدر اور چینی وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ کے درمیان بھی ملاقات ہوئی۔