عالمی ادارہ صحت کی جانب سے انسداد وبا سے متعلق چین۔افریقہ تعاون و یکجہتی سمٹ کی تحسین
سترہ تاریخ کو عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے کووڈ-۱۹ سے متعلق ایک پریس کانفرنس میں انسداد وبا سے متعلق چین۔افریقہ تعاون و یکجہتی سمٹ کو بھرپورسراہا۔
جناب ٹیڈروس نے کہا کہ وبا پھوٹنے کے بعد چین افریقہ کی مسلسل مدد کر رہا ہے ،بالخصوص انسداد وبا کے ماہرین کو مختلف افریقی ممالک میں بھیجا گیا ہے جنہوں نے مقامی طبی عملے کےساتھ انسداد وبا سے متعلق مفید معلومات اور تجربات کے تبادلے سمیت ٹیسٹنگ کے آلات فراہم کئے ہیں ۔ چین نہ صرف صحت کے شعبے میں معاونت فراہم کر رہا ہے بلکہ افریقہ میں اقتصادی بحالی کی حمایت بھی جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ افریقہ میں وبا کے نئے کیسز کی تعداد دوسرے خطوں کے مقابلے میں کم ہے لیکن اس کے پھیلاو میں تیزی آرہی ہے۔ نوول کورونا وائرس انتہائی خطرناک ہے جو تیزی سے پھیلتا ہے اور شرح اموات بھی کافی بلند ہے ۔ کووڈ-۱۹ کے خلاف جنگ میں اتحاد کی ضرورت ہے وگرنہ وائرس انسانوں کے آپسی اختلافات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اس ضمن میں چین-افریقہ تعاون و یکجہتی سمٹ جیسے پلیٹ فارم نہایت اہم ہیں۔یہ سمٹ چین اور افریقہ کے مابین روابط اور عالمی یکجہتی کو مضبوط کر سکتا ہے ، یوں وائرس سے نمٹنے کے عمل میں تیزی آ سکتی ہے۔