چین اور روس کی حکمران جماعتوں کے مابین بات چیت کے نظام کے آٹھویں اجلاس کے نام شی جن پھنگ اور پوٹن کے پیغامات
چین اور روس کی حکمران جماعتوں کے مابین مذاکرات کے نظام کے تحت آٹھواں اجلاس 23 تاریخ کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوا۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور صدر مملکت شی جن پھنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے اجلاس کے نام تہنیتی پیغامات بھیجے۔
شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ممبروں اور دنیا کی بڑی طاقتوں کی حیثیت سے چین اور روس کو مشترکہ طور پر مختلف خطرات اور چیلنجوں کا جواب دینے ، بالادستی اور یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرنے ، عالمی امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور عالمی برادری کا دفاع کرنے کے لئے اسٹریٹجک مواصلات اور ہم آہنگی کو مستحکم رکھنا چاہئے۔ اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لئے کوشش کرنی چاہیے۔
روسی صدر پوٹن نے اپنےتہنیتی خط میں کہا کہ روس چین تعلقات غیرمعمولی اعلی سطح پرپہنچ چکے ہیں ، جسے آج دنیا کے ممالک کے مابین تعاون کا نمونہ کہا جاسکتا ہے۔ دونوں فریق علاقائی اور عالمی مسائل کو حل کرنے اور بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کی بحالی کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کے لئے ٹھوس کوششیں کر رہے ہیں۔ روس اور چین کی حکمران جماعتوں کے مابین بات چیت ہمیشہ ہی دونوں ممالک کے تعلقات کا ایک اہم حصہ رہا ہے۔ یونائیٹڈ رشیئن پارٹی اور چین کی کمیونسٹ پارٹی باقاعدگی سے تجربات کا تبادلہ کرتی ہیں اور مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کے منصوبوں کو فروغ دیتی ہیں ۔مجھے یقین ہے کہ موجودہ اجلاس میں بھرپور اور مفید بات چیت کی جائے گی اور روس اور چین کے مابین جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔