امریکہ "پنڈورا باکس" نہ کھولے ، چینی وزارتِ خارجہ
حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ "ٹک ٹاک" پندرہ ستمبر سے قبل امریکہ میں اپنے کاروبار کو فروخت کر دے ورنہ اسے بند کر دیاجائے گا۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بن نے چار اگست کو بیجنگ میں منعقدہ کانفرنس میں کہا کہ امریکہ "پنڈورا باکس" نہ کھولے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے اس بیان پر ناصرف امریکہ کے اندر بلکہ عالمی برادری میں بھی کافی شبہات موجود ہیں اور اس پر تنقید کی جا رہی ہے ۔امریکہ کی جانب سےبے بنیاد باتوں کو بہانہ بنا کر کمپنی پر پابندیاں عائد کر نے کا دباو ڈالا جا رہا ہے جو کہ محض ایک سیاسی چال ہے۔
چینی ترجمان نے کہا کہ اصل میں امریکہ کی جانب سے دوسرے ممالک کے کاروباری اداروں پر دباؤ ڈالنے کے لیے ریاستی مشینری کا استعمال کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے ، جاپان کی کمپنی توشیبا،فرانس کی السٹوم سمیت دیگر کمپنیاں امریکہ کے بے جا دباؤ کا نشانہ بنی تھیں ۔ امریکہ کی نام نہاد "منصفانہ مقابلے"کی منافقت بے نقاب ہو چکی ہے اور امریکہ کی قومی ساکھ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
وانگ ون بن نے کہا کہ چین امریکہ سےمطالبہ کرتا ہے کہ وہ عالمی برادری کی دانش مندانہ رائے پر توجہ دے اور اقتصادی امور کو سیاسی رنگ دینابند کرے۔