امریکہ،چینی ذرائع ابلاغ اور صحافیوں پر اپنے سیاسی دباو کو فوری طور پربند کرے، چینی وزارت خارجہ
امریکہ میں چینی نامہ نگاروں کو ویزے میں توسیع نہ ملنے کے حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بن نے چار اگست کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ کو چینی ذرائع ابلاغ اور صحافیوں پر اپنے سیاسی دباو کو فوری طور پر روکنا چاہیے۔ اگر امریکہ اسی روش پر قائم رہے گا اورغلطی پر غلطی کرتا جائے گا تو چین اپنے حقوق اور مفادات کی حفاظت کے لیے ضروری اور مناسب جوابی اقدامات اختیار کرے گا۔
وانگ ون بن نے کہا کہ رواں سال آٹھ مئی کو امریکہ نے چینی صحافیوں کے قیام کے ویزے کی مدت 90 دن سے کم کر دی ، اور ہر تین ماہ بعد اس میں توسیع کے لیے درخواست دینے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بات ہمارے علم میں ہے کہ چینی صحافیوں نے امریکہ کو ویزے میں توسیع کی درخواستیں پہلے ہی جمع کروا دی ہوئی ہیں، لیکن اب تک اس سلسلے میں انہیں امریکہ کی طرف سے کوئی واضح جواب موصول نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ امریکہ کے متعلقہ اقدامات چینی ذرائع ابلاغ کی معمول کی رپورٹنگ میں کی جانے والی شدید مداخلت ہیں ، اس سے چینی ذرائع ابلاغ کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے ، اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں میں بھی رکاوٹ ڈالی گئی ہے۔