چین کی اندرون ملک معاشی گردش کی حوصلہ افزائی کا مطلب کھلے پن کو بند کرنا نہیں ہے،تبصرہ
حال ہی میں ، چین نے معاشی ترقی کا ایک نیا ماڈل پیش کیا ہے : اندرون ملک معاشی گردش کی بنیاد پر ،اندرون اور بیرون ملک دوہری معاشی گردش کا فروغ ۔ اس ماڈل نے بڑے پیمانے پر اپنی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔
"کیا چین اپنے کھلے پن کو بند کر دے گا؟" ،" کیا چین کی ترقی کا رخ اندرونی معیشت کی طرف مڑ جائیگا؟". اندرون و بیرون ملک شکوک و شبہات اور خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے کہ کہیں چین اصلاحات اور کھلے پن کی رفتار کم کرتے ہوئے دروازے بند تو نہیں کرے گا؟ در حقیقت ، یہ ایک سنگین غلط فہمی ہے۔ چین کی تجویز کردہ اندرون ملک معاشی سائیکل کی حوصلہ افزائی کا مقصد اندرون ملک مانگ کی حوصلہ افزائی اور توسیع کو برقرار رکھنا اور اعلی معیار کی معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ " اندرون ملک معاشی گردش کو اولین اہمیت دینے " کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کھلے پن کو بند کیا جائیگا۔ اس کے برعکس ، کھلے پن کے عمل کو تسلسل سے جاری رکھا جائیگا۔
مورگن اسٹینلے چائنا کے چیف ماہر اقتصادیات زنگ زی چھیانگ کے مطابق ، اندرون ملک سائیکل کی حوصلہ افزائی کا اصل مقصد"کھلا پن" ہے۔اندرون ملک معیشت اور کھپت کو فروغ دیتے ہوئے ، حقوق املاک دانش کے تحفظ ، کاروباری ماحول کی بہتری ، اور چینی منڈی میں داخلے پر پابندی کم کرنے سے ، بین الاقوامی کمپنیوں کی اپنےصنعتی چینز ، فیکٹریوں اور اسٹورز کو چین میں محفوظ رکھنے اور چینی مارکیٹ کی ترقی سے استفادہ کرنے کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوگی۔