چین کی جانب سے بیرونی تجارت اور سپلائی چینز کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات متعارف
چین کی ریاستی کونسل کے انفارمیشن آفس کی جانب سے جمعرات کو ایک میڈیا بریفنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں کووڈ۔۱۹ کے باعث اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لیے بیرونی تجارت اور سپلائی چینز کو مستحکم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔اس حوالے سے نئے اقدامات متعارف کرواتے ہوئے چین کے معاون وزیر تجارت رین ہونگ بین نے کہا کہ رواں برس کے پہلے سات ماہ کے دوران چین کی درآمداتی و برآمداتی تجارت کی بحالی توقعات سے قدرے بہتر ہے جس سے اقتصادی نمو کے استحکام میں مدد ملی ہے۔وبا کے باعث عالمگیر اقتصادی کسادبازاری کے باوجود چین کی بین الاقوامی تجارت بحال ہو رہی ہے۔رواں برس پہلے سات ماہ کے دوران چین کی درآمدات و برآمدات کا مجموعی تجارتی حجم17.2 ٹریلین یوان رہا جس میں 1.7فیصد کی کمی ہوئی ہے۔رین کے مطابق ملکی برآمدات نے مثبت شرح نمو کو برقرار رہا ہے۔اسی عرصے کے دوران چین میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 0.5فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور مجموعی مالیت 535.65 ارب یوان رہی۔ چینی حکومت تجارت اور کاروبار کے فروغ کے لیے ٹیکس میں کمی ، مالیاتی حمایت میں اضافہ اور کاروبار کی راہ میں حائل دیگر رکاوٹوں کو دورکر رہی ہے۔مجموعی طور پر چین کی معیشت میں مستحکم بحالی کا رحجان فروغ پا رہا ہے۔چین مزید کھلے کاروباری ماحول سے بین الاقوامی کمپنیوں کو معاونت فراہم کرے گا۔