آسیان ، چین ،جاپان اور جنوبی کوریا کا کووڈ۔۱۹ کے معیشت پر ممکنہ حد تک کم اثرات کے لیے متفقہ اقدامات پر اتفاق
آسیان اور چین ،جاپان اور جنوبی کوریا کےوزرا برائے اقتصادی وتجارتی امور کا تیئسواں اجلاس اٹھائیس تاریخ کو آن لائن منعقد ہوا۔اجلاس میں کووڈ-۱۹کے معیشت پر پڑنے والے اثرات میں کمی کے حوالے سے ایک لائحہ عمل کی منظوری دی گئی ، اور وبا کے بعد اقتصادی بحالی کو فروغ دینے سے متعلق ہم آہنگی اور تعاون کے استحکام پر زور دیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ بیان کے مطابق ، مذکورہ لائحہ عمل میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ آسیان اور چین ، جاپان اور جنوبی کوریا کے مابین تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جائیگا ، جس سے خطے میں آئندہ کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور وبا کے بعد معاشی بحالی کو یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس میں وبا کے بعد معاشی بحالی کو فروغ دینے کے لئے کاروباری اعتماد سازی کی بحالی کی اہمیت پر زور دیا گیا ، اور علاقائی سطح پر لچکدار معیشت اور سماج کے فروغ کے لیے تعاون کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔اجلاس میں اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (آر سی ای پی) پر رواں برس ہی دستخط کئے جائیں گے۔اجلاس کے دوران اعتماد سازی کے فروغ، علاقائی معاشی ڈھانچے کی مضبوطی، اور علاقائی سطح پر کثیرالجہتی تجارتی نظام کی حمایت کے لیے لئے آر سی ای پی معاہدے کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔