عالمی بزنس کمیونٹی چین کی اقتصادی بحالی کے حوالے سے پر امید
رواں سال ، چینی معیشت نے کووڈ۔۱۹ کی کٹھن آزمائش کا سامنا کیا ہے ۔ اس دوران چینی معیشت کی مضبوطی اور ترقی کی صلاحیت بھی کھل کر سامنے آئی ہے۔ حالیہ امریکی میڈیا سروے سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا بھر میں کاروباری افراد کی اکثریت چین کے معاشی امکانات کے بارے میں پرامید ہے اور انہیں یقین ہے کہ چین کی معیشت مستحکم نمو حاصل کرے گی۔
امریکی کنزیومر نیوز اور بزنس چینل (سی این بی سی) کے تحت گلوبل سی ایف او کونسل نے 28 تاریخ کو تیسری سہ ماہی کے سروے کی روشنی میں کہا کہ امریکی معیشت کے مقابلے میں چینی معیشت کے بارے میں عالمی "سی ایف اوز" کا نقطہ نظر زیادہ پر امید ہے۔ ایسا مذکورہ سروے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ جب" ایگزیکٹو ز" کی ایک بڑی تعداد چینی معیشت کے بارے میں امریکہ کی نسبت زیادہ پر امید ہے۔
کان کنی کے حوالے سے دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ، بی ایچ پی بلٹن گروپ کے سی ای او مائیک ہنری نے حال ہی میں سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی معیشت پائیدار اور تیز رفتاری سے بحال ہورہی ہے۔ چینی حکومت پہلے ہی کچھ محرک اقدامات اٹھا چکی ہے ، اور ہم توقع کرتے ہیں کہ ان اقدامات سے آئندہ برس معیشت کی تیز رفتار بحالی میں مزید مدد ملے گی۔
کاروباری افراد کے علاوہ ، بہت ساری بین الاقوامی تنظیمیں اور ادارے بھی چین کی معیشت کے بارے میں پرامید ہیں اور انہوں نے چین کی معیشت کے لئے مثبت توقعات کا اظہار کیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ، دوسری سہ ماہی میں چین کی معاشی بحالی توقعات سے کہیں بہتر سامنے آئی ہے ،اس لئے بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی انوسٹرز سروس نے حال ہی میں اپنی تازہ رپورٹ میں رواں سال چین کی جی ڈی پی سے متعلق اپنے تخمینے کو بڑھا دیا ہے۔