چین اور انڈونیشیا کے صدور کی ٹیلیفونک بات چیت
چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے اکتیس اگست کی شام کو انڈونیشیا کے صدر جوکو وڈوڈو کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کی۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین کو انسداد وبا کے حوالے سے انڈونیشیا کی حتمی فتح پر پورا بھروسہ ہے ۔ چین انڈونیشیا کو اپنی صلاحیت کے مطابق سامان اور تکنیکی مدد فراہم کرے گا ، اور انسداد وبا اور تشخیص و علاج کے تجربات کا تبادلہ کرے گا۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ انڈونیشیا چین کا دوست ہمسایہ اور اہم شراکت دار ہے ، اور چین ویکسین تعاون میں انڈونیشیا کے خدشات اور ضروریات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ فی الحال چین اور انڈونیشیا باضابطہ طور پر ویکسین کے سلسلے میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں ، جو دونوں ممالک کے درمیان انسداد وبا کے تعاون میں ایک نیا روشن مقام بن گیا ہے۔ چین ویکسین پر تحقیقی اور اس کی ترقی ، خریداری اور پیداوار میں دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان تعاون کی حمایت کرتا ہے۔ دونوں فریقوں کو اس وبا سے لڑنے کے لیے متحد رہنا چاہیے اور صحت کے لحاظ سے انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو مشترکہ طور پر فروغ دینا چاہئے۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ وبائی صورتحال میں معاشی بحالی اور ترقی کو فروغ دینا تمام ممالک کے لئے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ چین اصلاحات کو مسلسل گہرا کرتے ہوئے اپنے کھلے پن کی سطح کو بلند کرے گا، اور ایک نئے ترقیاتی نمونے کی تشکیل کو فروغ دے گا جس میں ملکی اور بین الاقوامی سلسلے ایک دوسرے کو فروغ دیتے ہیں۔ اس سے دنیا بھر کے ممالک کو مارکیٹ کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔