جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوامی جنگ اورفاشزم کے خلاف عالمی جنگ کی پچھتر ویں سالگرہ
چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی ، ریاستی کونسل اور مرکزی فوجی کمیشن نے تین ستمبر کو عظیم عوامی ہال میں جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوامی جنگ اور فا شزم کے خلاف عالمی جنگ میں فتح کی 75 ویں سالگرہ کی یاد میں سمپوزیم منعقد کیا ۔اس موقع پر چینی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری ، صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے مرکزی کمیٹی ، قومی عوامی کانگریس ، ریاستی کونسل ، چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس اور مرکزی فوجی کمیشن کی طرف سے جاپانی جارحیت کے خلاف جنگ میں شریک تمام فوجی افسران اور سپاہیوں ،محب وطن افراد اور اندرون و بیرون ملک مقیم چینیوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے جنگ میں چین کی مدد وحمایت کرنے والی غیر ملکی حکومتوں اور دوستوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور جنگ میں فتح کے لیے قربانی دینے والے تمام شہدا کے ساتھ ہمدردی و عقیدت کا اظہار کیا ۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوامی جنگ کی عظیم فتح نے عالمی سطح پر چین کی ایک بڑے ملک کی حیثیت دوبارہ قائم کی ، چینی عوام نے دنیا کے امن پسند افراد کا احترام حاصل کیا اور چینی قوم نے ایک اعلی قومی ساکھ بنائی ہے۔
شی جن پھنگ نے واضح کیا کہ چین اور جاپان ہمسایہ ممالک ہیں ۔ چین اور جاپان کے درمیان طویل مدتی پرامن اور دوستانہ تعلقات کو برقرار رکھنا ناصرف دونوں ممالک کےعوام کے بنیادی مفادات کے مطابق ہے بلکہ ایشیا اور دنیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی ضرورت سے بھی مطابقت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوامی جنگ اور فاشزم کے خلاف عالمی جنگ کی فتح کو یاد کرنے کا مقصد تاریخ کو آئینے بناتے ہوئے ، مستقبل میں مل جل کر امن کی قدر اور اس کا تحفظ کرنا ہے تاکہ چین اور جاپان کے عوام میں نسل در نسل دوستی جاری رہے اور تمام ممالک کے عوام ہمیشہ امن و سکون سے لطف اندوز ہو سکیں ۔