بین الاقوامی برادری کی جانب سے انسداد وبا کے لیے چین کے اقدامات کی تحسین
کووڈ۔۱۹ کی وبائی صورتحال میں چین نے پوری انسانیت کے لیے ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے ایک کٹھن جدوجہد سے انسداد وبا میں اہم اسٹڑیٹجک نتائج حاصل کیے ہیں. چین نے عالمگیر وبا کی روک تھام و کنٹرول کے لیے ہرممکن اقدامات کیے ہیں۔عالمی برادری کے خیال میں چین نے اس وبا کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور فعال طور پر انسداد وبا کے بین الاقوامی تعاون میں شریک ہوا ہے جو عالمی برادری کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔انسداد وبا کے حوالے سے چین کے تجربات دنیا کے لئے بھی سودمند ثابت ہوئے ہیں۔
رواں برس فروری کے وسط میں چین میں انسداد وبا کے ایک مشکل دور میں ، پاکستانی سینٹ نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں اس وبا کے خلاف چین کے اقدامات کی بھر پور حمایت کی گئی ۔ یہ قرارداد سینٹ میں خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے پیش کی تھی۔ حال ہی میں مشاہد حسین نے ایک مرتبہ پھر انسداد وبا میں چین کی حاصل شدہ کامیابیوں کو بھرپور سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انتہائی خوشی اور فخر ہے کہ چین نے وبا پر موثر طور پر قابو پایا ہے۔ اس سے چینی کمیونسٹ پارٹی کی موثر قیادت ، چین کے طبی نظام کی بہترین صلاحیت، اور چینی عوام کے اتحاد اور تعاون کی بہترین عکاسی ہوتی ہے۔