چین کی جانب سے برطانوی الزامات کی مخالفت
برطانوی وزیر خارجہ نے پچیس تاریخ کو انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں ہانگ کانگ اور سنکیانگ کے امور کے حوالے سے چین پر بے بنیاد الزامات عائد کیے ۔اس حوالے سے جنیوا میں چینی مشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کونسل کے پلیٹ فارم پر غلط اعداد و شمار پیش کیے اور تاریخی حقائق کو مسخ کیا۔ اس اقدام سے برطانیہ کا چین مخالف تکبر ، تعصب اور لاعلمی پوری طرح سے بے نقاب ہوئی ہے۔چین نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شدید مخالفت کی ہے۔
ہانگ کانگ اور سنکیانگ سے وابستہ امور انسانی حقوق کے معاملات نہیں ہیں۔ درحقیقت یہ چین کی جانب سے اپنی قومی خودمختاری ، سلامتی اور یکجہتی کاتحفظ ہے ، چین قانون کی حکمرانی پر عمل پیرا ہے ، اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ عوام خوشحال اورپر امن زندگی گزاریں ۔
چین باہمی احترام کے اصول کی بنیاد پر انسانی حقوق کے امور پر تمام فریقوں کے ساتھ تبادلے کا خواہاں ہے لیکن سیاسی مقاصد کے لئے دوسرے ممالک کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنے اور غلط معلومات پھیلانے ، انسانی حقوق کے تحفظ کے نام پر دوسرے ممالک میں انتشار اور علیحدگی کو ہوا دینے ، دیگر ممالک کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے ، اور دوسرے ممالک کے عوام کے انسانی حقوق کی پامالی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔