چین -کیوبا سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ، دونوں ممالک کےرہنماوں کے درمیان تہنیتی پیغامات کا تبادلہ
اٹھائیس ستمبر کو ، چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اورصدر مملکت شی جن پھنگ نے چین - کیوبا سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیکریٹری اول ، راوول کاسترو اور کیوبا کے صدر ڈیاز کینیل کو تہنیتی پیغامات بھیجے ۔
راوول کاسترو کے نام پیغام میں شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ کیوبا، لاطینی امریکہ کا پہلا ملک ہے جس نے عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے۔ 60 سال پہلے سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے ، چین-کیوبا تعلقات، بدلتی ہوئی بین الاقوامی صورتحال میں وقت کے تقاضوں پر پورے اترے ہیں۔ چین اور کیوبا نے سیاسی باہمی اعتماد کو مزید گہرا کرنا جاری رکھااور عملی تعاون کےمفید نتائج سامنے آئے ہیں۔ دونوں ممالک نے کووڈ-۱۹کی وبا سے لڑنے کے لیے ایک دوسرے کی مدد کی اور دونوں ممالک کے مابین روایتی دوستی نئی سطح تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چین اور کیوبا کے درمیان خصوصی دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں ،کیوبا کےساتھ قریبی رابطے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور سفارتی تعلقات کی سالگرہ کے اس اہم موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ چین اور کیوبا کو ہمیشہ اچھے دوست ، اچھے ساتھی اور اچھے بھائی بننے کو فروغ دیں گے۔
راوول کاسترو نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیوبا عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا لاطینی امریکہ کاپہلا ملک ہے اور اس نے ہمیشہ اپنے برادر ملک چین ، چینی کمیونسٹ پارٹی اور چینی عوام کے ساتھ مخلصانہ دوستی برقرار رکھی ہے۔ کیوبا ، چین کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہے اور اسے یقین ہے کہ کیوبا اور چین کے درمیان 60 سالہ پرانی دوستی نسل در نسل جاری رہے گی اور یہ ہمیشہ قائم دائم رہے گی۔
اسی دن ، چین اور کیوبا کے وزرائے اعظم نے بھی ایک دوسرے کے نام تہنیتی پیغامات بھیجے۔