بیجنگ میں لان ٹھینگ فورم کا انعقاد
اٹھائیس ستمبر کو بیجنگ میں"وبا کے بعد کے دور میں بین الاقوامی نظم و ضبط اور عالمی گورننس" کے موضوع پر لان ٹھینگ فورم منعقد ہوا۔ چینی ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ چین، امریکہ، برطانیہ اور جاپان سمیت ممالک اور عالمی تنظیموں کے تقریباً ایک سو چینی و غیر ملکی ماہرین اور اسکالرز نے اس فورم میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وانگ ای نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد آج ، دنیا ایک اور اہم تاریخی موڑ پر ہے۔ وبا کے بعد کے دور میں دنیا کس جانب بڑھ رہی ہے؟ ممالک کو اسے غیر اہم نہیں سمجھنا چاہیے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ غلط فیصلوں سے گریز کرنا چاہیے ۔
وانگ ای نے عالمی تبدیلیوں میں چین کے موقف پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پُر امن ترقی وقت کا تقاضا ہے ،تمام ممالک کو مل کر چلنا چاہیے، انصاف اور مساوات عالمگیر اقدار ہیں جن کا تمام ممالک کو مشترکہ دفاع کرنا چاہیے۔بنی نوعِ انسان کےلیے اتحاد اور ترقی صحیح راستہ ہے اور دنیا کے تمام ممالک کو مل کر اس پر گامزن رہنا چاہیے ،تمام ممالک کو سمجھنا چاہیے کہ کھلا پن اور تعاون ہی درست سمت ہے ۔
وانگ ای نے مزید کہا کہ چین، انسداد وبا کے بین الاقوامی تعاون کو بھرپور طریقے سے جاری رکھے گا، عالمی گورننس کی اصلاحات میں عملی طور پر حصہ لے گا ، مقامی اور بین الاقوامی " ڈبل سائیکل " کے فروغ میں تیزی لائے گا، "دی بیلٹ اینڈ روڈ "کی اعلی معیار کی حامل مشترکہ تعمیر اور جنوب جنوب تعاون کو مزید فروغ دے گا، توانائی کے تحفظ اور اخراج میں کمی کے وعدے کو عملی طور پر پورا کرے گا اور اہم معاملات کے سیاسی حل میں تعمیری نوعیت کا کردار ادا کرےگا۔