چین افریقہ تعلقات کی ترقی کا سفر جاری ہے،چینی وزارت خارجہ
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے بارہ تاریخ کو بیجنگ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ چین افریقہ تعلقات کی ترقی کا سفر ابھی جاری ہے، یہ سفر مکمل نہیں ہوا۔ فریقین چین-افریقہ تعاون فورم کے قیام کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر مزید قریبی چین-افریقہ ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کریں گے جس سے دونوں خطوں کے عوام مستفید ہوں گے۔
اسی دن ، چینی صدر شی جن پھنگ اور سینیگال کے صدر اور چین۔افریقہ تعاون فورم کے شریک چیئرمین میکی سال کے درمیان مذکورہ فورم کے قیام کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ ہوا۔ اس سلسلے میں ، چاؤلی جیان نے کہا کہ اس فورم سے چین اور افریقہ تعلقات کی اہمیت کا اظہار ہوتا ہےاور یہ فورم کے تمام رکن ممالک کی مشترکہ خواہشات کا عکاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور افریقہ دونوں فریقین چین- افریقہ تعاون فورم کے قیام کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر "جامع مشاورت، تعمیری شراکت اور مشترکہ مفادات" کے اصول کو برقرار رکھیں گے ، فورم کے طریقہ کار کو تقویت بخشیں گے اور بہتر بنائیں گے ، فورم کے نتائج پر عملدرآمد کو جامع طور پر فروغ دیں گے ، اور چین افریقہ جامع اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت کو مزید اعلی سطح پر فروغ دیں گے ، چین- افریقہ تعاون کو کثیرالطرفہ اور باہمی مفادات کا نمونہ بنائیں گے ، اور بین الاقوامی عدل و انصاف کے تحفظ اور عالمی ترقی و خوشحالی کے فروغ میں مثبت شراکت جاری رکھیں گے۔