تائیوان کو ہتھیار فروخت کرنے والے امریکی کاروباری اداروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ، چینی وزارت خارجہ

2020-10-27 09:46:05
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چاو لی جیان نے چھبیس اکتوبر کو منعقدہ پریس کانفرنس میں امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ قومی مفادات کے تحفظ کی خاطر ،چین نے ضروری اقدامات اختیار کرتے ہوئے ،تائیوان کو ہتھیار فروخت کرنے والے امریکی کاروباری اداروں، متعلقہ شخصیات اور صنعتی اداروں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی وزارت دفاع کے محکمہ سلامتی تعاون نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ امریکی وزارت خارجہ نے تائیوان کو ایک ارب اسی کروڑ امریکی ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دی ہے۔ چاولی جیان نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت "ایک چین کے اصول " نیز چین اور امریکہ کے درمیان طے کردہ تین مشترکہ اعلامیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے جو چین کے اقتداراعلیٰ اور سلامتی مفادات کے لیے بے حد نقصان دہ ہے۔چین اس کی بھرپور مخالفت اور مذمت کرتا ہے۔چین نے امریکہ کو ایک مرتبہ پھر خبردار کیا کہ امریکہ ایک چین کےاصول اور تین مشترکہ اعلامیے کے مطابق تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت بند کرے اور عسکری رابطےختم کرے ۔ چاولی جیان نے واضح الفاظ میں چین کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ ہم اقتدار اعلیٰ اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اختیار کرنا جاری رکھیں گے۔


شیئر

Related stories