چودہویں پنج سالہ منصوبے سے چین کی اعلی معیاری ترقی کا آغاز ہو گا
چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں مرکزی کمیٹی کا پانچواں کل رکنی اجلاس چھبیس سے انتیس اکتوبر تک بیجنگ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کے دوران چین کی قومی معاشی و سماجی ترقی سےمتعلق چودہویں پنج سالہ منصوبے اور دو ہزار پینتیس تک طویل مدتی نصب العین کی منظوری دی گئی جس سے اگلے مرحلے میں چین کی ترقی کی سمت واضح ہو گئی ہے ۔ چینی ماہرین اور دانشوروں کے خیال میں "چودہویں پانچ سالہ منصوبے" کی مدت ، چین میں جدیدسوشلسٹ ملک کی تعمیر کے نئے سفر کے پہلے پانچ سال ہیں اور اس میں چین کی ترقی کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہوگا۔ اعلی معیار ، جدت پر توجہ ، لوگوں کی زندگی کو فائدہ پہنچانا اور تحفظ پر زور دینا چین کی ترقی کے کلیدی الفاظ بن سکتے ہیں۔
چینی ریاستی کونسل کے تحت دفتر مشاورت کے خصوصی محقق یاو جینگ یوان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چودہواں پنج سالہ منصوبہ چین میں جامع طور پر جدید سوشلسٹ معاشرے کے قیام کا مضبوط ستون اور اہم موقع فراہم کرے گا ۔ اس کے دوران جدت طرازی کو نمایاں حیثیت دی گئی ہے۔کل رکنی اجلاس میں جدت طرازی کی صلاحیت کو فروغ دینے پر زور دیا گیا ۔ یاو جینگ یوان نے مزید کہا کہ "چودہویں پانچ سالہ منصوبہ" کا حتمی مقصد عوام کو مرکز بناتے ہوئے بہتر زندگی کے لئے لوگوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
علاوہ ازیں سلامتی کو بھی اہمیت دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اعلی سطح پر محفوظ چین کی تعمیر کے لیے ترقی اور سلامتی میں ہم آہنگی لانا ہوگی۔
درین اثنا بیرونی ممالک کی مختلف تنظیموں کے ماہرین و اسکالز نے بھی چین کے چودہویں پنج سالہ منصوبے کو سراہا ہے ۔ روس ، برطانیہ ، فرانس ، جنوبی کوریا ، لاوس ، برازیل ، کمبوڈیا ، سنگاپور ، کینیا ، مصر اور مراکش سمیت دیگر ممالک کی مختلف تنظِیموں کی متفقہ رائے ہے کہ "چودہویں پانچ سالہ منصوبہ" کی تشکیل اور 2035 کے لیے طویل مدتی اہداف دوررس اور واضح ہیں اور چین نے ایک جامع جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر کے نئے سفر کو آگے بڑھانے ، چین کے ترقیاتی امکانات میں دوسرے ممالک کے اعتماد میں اضافے اور کووڈ -۱۹ کی وبا کے تناظر میں عالمی معیشت کی بحالی کے لیے ایک عظیم الشان عملی منصوبہ پیش کیا ہے ۔