امریکہ چین کے داخلی امور میں مداخلت سے باز رہے ،چینی وزارت خارجہ
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے تین تاریخ کو میڈیا بریفنگ کے دوران امریکہ پر زور دیا کہ وہ چین کے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کے امور سمیت چین کے داخلی معاملات میں ہر قسم کی مداخلت سے باز رہے۔اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ہانگ کانگ میں آٹھ افراد کی حراست پر تنقید کی تھی۔ وانگ وین بین نے کہا کہ چین میں قانون کی حکمرانی ہے اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے میں بھی قانون کی عمل داری ہے ، قوانین کی پاسداری لازم ہے جبکہ خلاف ورزیوں کی صورت میں تفتیش کی جائے گی۔ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے میں متعلقہ ادارے قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں اور بہتان کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ ہانگ کانگ چین کا خصوصی انتظامی علاقہ ہے اور ہانگ کانگ کے امور صریحاً چین کے داخلی معاملات ہیں۔ چینی عوام بشمول ہانگ کانگ کے ہم وطنوں کی جانب سے"ایک ملک ،دو نظام" اور ہانگ کانگ میں خوشحالی اور استحکام کو کمزور کرنے کی ہر کوشش کی مضبوطی سے مخالفت کی جائے گی اور ہانگ کانگ سمیت چین کے داخلی امور میں ہر قسم کی کوشش ناکامی سے دوچار ہو گی۔