چینی صدر شی جن پھنگ اور اُن کے اطالوی ہم منصب کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ
2020-11-05 09:42:50
چار تاریخ کو چینی صدر شی جن پھنگ اور اُن کے اطالوی ہم منصب سرگیو میتریلانے چین۔اٹلی سفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔شی جن پھنگ نے ٹیلی فونک بات چیت میں کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں میں دونوں ممالک عالمی منظرنامے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے باوجود باہمی احترام ،باہمی اعتماد ،باہمی مفاد اورباہمی تعاون کے اصولوں پر قائم رہے ہیں۔اس دوران جداگانہ نظام اور ثقافتی پس منظر کے باوجود دوطرفہ تعلقات میں ترقی کی مثال قائم کی گئی ہے۔چینی صدر نے کووڈ۔۱۹ کے خلاف جنگ میں فریقین کے درمیان تعاون کو بھرپورسراہا۔انہوں نے اطالوی صدر کو آئندہ پندرہ برسوں میں چین کی ترقی کے حوالے سے حال ہی میں وضع کیے جانے والے روڈ میپ سے بھی آگاہ کیا۔جناب شی نے کہا کہ چین اعلیٰ معیار کی ترقی اور کھلے پن کو فروغ دے گا ،چین اٹلی اور دیگر ممالک کا اپنے ترقیاتی سفر میں فعال شمولیت کا خیر مقدم کرتا ہے۔انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ مختلف شعبہ جات میں باہمی سودمند تعاون کو فروغ دیں اور چین۔یورپ تعلقات کی پائیدار ترقی کو مشترکہ طور پرآگے بڑھائیں۔اس موقع پر اطالوی صدر نے اٹلی اور چین کی روایتی دوستی کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ اٹلی گزشتہ پچاس برسوں میں چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی ترقی اور وسیع تعاون کے فروغ پر فخر محسوس کرتا ہے۔انہوں نے کووڈ۔۱۹ کے انتہائی مشکل لمحات میں چین کی قیمتی امداد پر شکریہ ادا کیا۔