شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 20 ویں اجلاس میں صدر شی جن پھنگ کی شرکت کے حوالے سےنیوز پریفنگ
چینی صدر شی جن پھنگ دس نومبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 20 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے اور ایک اہم تقریر کریں گے۔ پانچ نومبر کو منعقدہ میڈیا بریفنگ میں ، چین کے نائب وزیر خارجہ لہ یو چھنگ نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ خطرات اور چیلنجوں سے مل کر نمٹنے پر اجلاس میں شریک ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ گہرائی کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے ، اور سلامتی ، استحکام ، ترقی اور معاشی بحالی کے لئے نئے تصورات اور اقدامات تجویز کریں گے تاکہ وبا کے بعد کے عہد میں شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل ، صحت مند اور مستحکم ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
جناب لہ یوچھنگ نے بتایا کہ صدر شی جن پھنگ چینی کمیونسٹ پارٹی کی 19 ویں مرکزی کمیٹی کے پانچویں کل رکنی اجلاس کے بعد پہلی دفعہ کسی کثیررکنی تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں ۔یہ اس سال یوریشیا خطے کے لئے چین کا سب سے بڑا کثیرالجہتی سفارتی اقدام بھی ہے ، جو انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 8 ممبر ممالک کے علاوہ 4 مبصر ممالک کے رہنما اور متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندےبھی شرکت کریں گے۔
جناب لہ یو چھنگ نے تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ صدر شی شنگھائی روح کو اجاگر کرنے ، شنگھائی تعاون تنظیم کے اتحاد اور باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے ، مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے ، مختلف ممالک کی ترقیاتی حکمت عملی اور "دی بیلٹ اینڈ روڈ" کی مفاہمت اور ہم آہنگی ، کثیرالجہتی کی حمایت ، اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر سمیت دیگر امور کے حوالے سے تجاویز پیش کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق سربراہی اجلاس میں ، ممبر ممالک کے رہنما ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کریں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے دستاویزات کی منظوری دیں گے۔