چائنا ڈویلپمنٹ فورم 2020 کا بیجنگ میں انعقاد
چین کی ترقی کا اعلیٰ سطحی فورم 2020 گیا رہ تاریخ کو بیجنگ میں منعقد ہوا ۔ چین کی ترقی اور اصلاحات کے قومی کمیشن کے نائب سربراہ تھانگ دنگ جیئے نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر ، چین کا 13 واں پانچ سالہ منصوبہ مکمل ہونے والا ہے اور اس کے اختتام پر ہر لحاظ سے ایک خوشحال معاشرے کی تعمیر کی فتح واضح نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں اندرونی و بیرونی پیچیدہ صورتحال کے باوجود چین نے مختلف میدانوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اصلاحات کو وسیع کرنے، قومی نظم و نسق کے نظام کو جدید بنانے اور حکمرانی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں قابل ذکر اور فیصلہ کن کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ 2019 میں ، چین کی مجموعی معیشت کا حجم دنیا کی کل معیشت کا 16.3فیصد رہا ہے۔ اس سال چین کا جی ڈی پی 100 ٹریلین یوآن سے تجاوز کر جائے گا ۔ ایک ایسے وقت میں جب دنیا کی معاشی نمو کی شرح تیزی سے گر رہی ہے اور بڑی معیشتیں عام طور پر سست روی کا شکار ہیں ، چین کی معیشت عالمی معاشی نمو کا انجن بن چکی ہے۔
تھانگ دنگ جیئے نے مزید کہا کہ چین کے ترقیاتی ماحول کو درپیش گہری اور پیچیدہ تبدیلیوں کے وسیع تجزیے کے بعد چینی کمیونسٹ پارٹی کی19 ویں مرکزی کمیٹی کے پانچویں کل رکنی اجلاس نےچودھویں پانچ سالہ منصوبے کے دوران چین کی معاشی اور معاشرتی ترقی کی سمت کو مزید واضح کیا ہے اور اس کے اہم اہداف ، کاموں اور اقدامات کو پیش کیا ہے، جو آئندہ پانچ برسوں کے دوران رہنمائی فراہم کریں گے۔