تیسرے پیرس پیس فورم سے صدر شی جن پھنگ کا ویڈیو خطاب
چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے بارہ تاریخ کو تیسرے پیرس فورم میں " انسداد وباو بحالی کا مشترکہ فروغ اور امن کا مشترکہ حصول" کے موضوع پر ویڈیو تقریر کی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ، دنیا کے تمام ممالک کو رکاوٹیں پیدا کرنے کے بجائے اتحاد کو مضبوط بنانا چاہئے ، تنازعات کو بھڑکانے کے بجائے تعاون کو فروغ دینا چاہئے ، اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے اور تمام ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچانا چاہئے۔
شی جن پھنگ نے تین نکات پر مبنی تجویز پیش کی: پہلا ،وبا سے مشترکہ طور پر لڑنے کے لیے متحد ہوکر ایک دوسرے کی مدد کی جائے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کووڈ-۱۹ کی وبا اب بھی پوری دنیا میں پھیل رہی ہے۔ ایسے میں عوام اور زندگی کو اولین حیثیت دینے پر قائم رہنا چاہیئے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے کلیدی قائدانہ کردار کو بھرپور انداز میں ادا کیا جانا چاہئے ، اور بین الاقوامی مشترکہ روک تھام اور کنٹرول کو فروغ دینا چاہئے۔ دوسرا ، کھلے تعاون اور بحالی کو مشترکہ طور پر فروغ دیا جائے ۔چین نئے ترقیاتی تصور پر عمل کرے گا ، ایک نیا ترقیاتی نمونہ تیار کرے گا ، اور اعلی معیار کی ترقی کو فروغ دے گا۔ چین غیر متزلزل طور پر اصلاحات کو مزید گہرا کرے گا اور کھلے پن کو وسعت دے گا ، اور عالمی صنعتی چین اور سپلائی چین کے استحکام کو برقرار رکھنے اور ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کے لئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ تیسرا، انصاف کو برقرار رکھتے ہوئے امن کا تحفظ کیا جائے ۔ تمام فریقوں کو پرامن بقائے باہمی پر عمل پیرا ہونا چاہئے ، تمام ممالک کے ترقیاتی حقوق کا احترام کرنا چاہئے ، تمام ممالک کے آزادانہ طور پر منتخب کردہ ترقیاتی راستوں اور ماڈلز کا احترام کرنا چاہئے ، کثیر الطرفہ پسندی پر گامزن رہنا چاہیئے ، یکطرفہ پسندی ، زبردستی اور طاقت کی سیاست کی مخالفت کرنی چاہئے ، دہشت گردی اور انتہا پسندی کی ہر قسم کی مخالفت کرنی چاہئے ،دنیا میں انصاف ، برابری ، امن اور سلامتی کا تحفظ کرنا چاہیئے۔