چین پاکستان کے ساتھ ہر ممکن اقتصادی ،معاشی اور دفاعی تعاون جاری رکھے گا، سی پیک سے خطے کے تمام ممالک کے عوام کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، سفیر سن وی ڈونگ
اسلام آباد(آئی این پی)چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ ہر ممکن اقتصادی ،معاشی اور دفاعی تعاون جاری رکھے گا، سی پیک سے خطے کے تمام ممالک کے عوام کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا پاکستان اور چین بہترین ہمسائیگی اور لازوال دوستی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، سی پیک نہ صرف پاکستان اور چین کی عوام کے لیے خوشحالی کا پیغام ہے ۔جمعرات کو چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر سن وی ڈونگ کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزیدمستحکم اور مضبوط بنانے پرتبادلہ خیال کیا اس موقع پر سپیکر قو می اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا چینی سفیر کے پاکستان میں تعیناتی کے دوران دوطرفہ ترقی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا، پاکستان اور چین بہترین ہمسائیگی اور لازوال دوستی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا پاک چین اقتصادی راہدار ی نہ صرف پاکستان اور چین کی عوام کے لیے خوشحالی کا پیغام ہے، بلکہ خطے کے تمام ممالک اس سے مستفید ہونگے،سپیکر قومی اسمبلی نے کہا پاکستان اور چین کے مابین مثالی تعلقات علاقائی ترقی، دو طرفہ خیر سگالی اور معاشی و اقتصادی تعاون پر استوار ہیں۔ اس موقع پر سن وی ڈونگ نے کہا کہ پاک۔ چین اقتصادی راہداری سے خطے کے تمام ممالک کے عوام کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی جس سے عوام خوشحال ہونگے ۔ انہوں نے کہا چین پاکستان کے ساتھ ہر ممکن اقتصادی ،معاشی اور دفاعی تعاون جاری رکھے گا۔