پاکستان یواین امن مشن میں سب سے زیادہ فوج بھیجنے والا ملک ہے
واشنگٹن(آئی این پی ) امریکا میں پاکستانی سفیراعزازچوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان یواین پیس مشن میں سب سے زیادہ فوج بھیجنے والا ملک ہے، پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف موثرکارروائی کی، بڑے آپریشن میں حصہ لے کرریاست مخالف عناصرکا صفایا کیا،پاکستان مستقبل میں بھی امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ امریکا میں پاکستانی سفیراعزاز چوہدری نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں ڈیفنس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیفنس ڈے پاکستان کی تاریخ میں بڑی اہمیت رکھتا ہے، پاکستانی افواج نے دہشت گردی کی جنگ میں بھی بہت قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے کہا افغانستان کے مسئلے کاحل عسکری نہیں سیاسی ہے، افغانستان کی ناکامیوں کاملبہ پاکستان پرنہیں ڈالاجاسکتا۔ پاک امریکا تعلقات پرکہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ پچھلی سات دہائیوں سے بہترین تعلقات ہیں، پاکستان مستقبل میں بھی امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اوردہشت گردی کی جنگ میں امریکا کا بھرپورساتھ دے گا۔