جھل مگسی کے درگاہ فتح پورمیں خودکش حملہ، 22 افراد جاں بحق ،35 زخمی
2017-10-06 15:31:28
نصیر آباد(آئی این پی ) بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں درگاہ فتح پور میں خود کش حملے کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق جھل مگسی میں واقع درگاہ فتح پور کے مرکزی دروازے پر دھماکا ہوا۔بلوچستان حکومت کے ترجمان انوار الحق کاکڑ کے مطابق پولیس نے خود کش حملہ آور کو درگاہ کے اندر جانے سے روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہوا۔دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے درگاہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔دھماکے کے بعد ڈیرہ مراد جمالی اورسبی کے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کی تعداد 40 سے زائد ہوچکی ہے جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔