سی پیک منصوبہ ، پاور پروجیکٹس کی بدولت پاکستان سے لوڈ شیڈنگ عنقریب ختم ہو جائیگی ،چینی سفیر سن وی ڈونگ
اسلام آباد(آئی این پی) چین کے سبکدوش ہونیوالے سفیر سن وی ڈونگ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سماجی اقتصادی مسائل کے حل کیلئے چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے'چینی معیشت کی ترقی سے پاکستان کو زبردست فائدہ پہنچے گا'۔ پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے خود کو وقف کررکھا ہے'۔ سی پیک ایک حقیقت بن کر سامنے آرہا ہے ۔'چار سال قبل یہ ایک خواب تھا'۔ 1820 میگا واٹ بجلی کے منصوبے سمیت 19 جاری منصوبے نومبر 2017ء کے بعد مکمل ہو جائیں گے جس کے بعد پاکستان میں لوڈشیڈنگ میں نمایا ں کمی ہو جائے گی '۔ سی پیک منصوبے پر عملدرآمد سے پہلے پاکستان کی سالانہ شرح ترقی تین اعشاریہ چھ فیصد تھی جو کئی چیلنجوں کا مقابلہ کرکے پانچ اعشاریہ تین فیصد تک پہنچ گئی ہے۔' پاکستانی عوام نے بڑی محبت اور پرخلوص جذبات دیئے ۔میں'واپس جا رہا ہوں لیکن دل پاکستان میں ہی رہے گا ۔ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق پارلیمنٹری کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی طرف سے کی گئی الوداعی تقریب میں اظہار خیال کررہے تھے ۔تقریب میں چینی سفیر کی اہلیہ مادام ڈیانا بائو، ارکان پارلیمنٹ محمود خان اچکزئی ، سینیٹر طلحہ محمود ، سینیٹر عبد القیوم اور چینی سفارتخانے کے نائب سربراہ زائو لی جیانگ بھی موجود تھے ۔
اسی دن چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی۔تہمینہ جنجوعہ نے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں روابط کو فروغ دینے میں سن وی ڈونگ کے کردار کی تعریف کی۔چینی سفیر نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران بہترین میزبانی پر سیکرٹری خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔