کوئٹہ میں دھماکا اورفائرنگ، انسپکٹر سمیت 8 اہلکار شہید
کوئٹہ(آئی این پی )پاکستان کے نیوسریاب کے علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار جب کہ قمبرانی روڈ پرفائرنگ سے سی ٹی ڈی انسپکٹرشہید ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں نیوسریاب کے علاقے میں دہشت گردوں نے پولیس کے ٹرک کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے نشانہ بنایا، جس کے بعد ٹرک میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکارشہید جب کہ 22 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں چند زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔پولیس کے مطابق پولیس کے ٹرک میں 35 سے زائد اہلکارسوارتھے، شہرکے سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اورطبی عملہ الرٹ ہے۔ پولیس اورایف سی نے دھماکیکی جگہ کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا اور علاقے میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔دوسری جانب کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پرنامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی انسپکٹرعبدالسلام بھی موقع پر ہی شہید ہوگیا۔