منفی سیاست نہ ہو تو پاکستان 2040ء تک ترقی کی تمام منازل طے کر لے گا ، احسن اقبال
منفی سیاست نہ ہو تو پاکستان 2040ء تک ترقی کی تمام منازل طے کر لے گا ، احسن اقبال
لاہور (آئی این پی)پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں اگر منفی سیاست نہ ہو تو ملک 2040ء تک ترقی کی تمام منازل
طے کر لے گا ' وقت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کرنے والی قومیں پیچھے رہ جاتی ہیں 2013ء میں جب حکومت سنبھالی تو سب سے بڑا چیلنج توانائی کا بحران تھا ' مستقبل میں ایشیاء دنیا کی معیشتوں کو آگے لے کر چلے گا ' پاکستان کم لاگت کے باعث انتہائی پر کشش مقام ہے' گوادر کے ذریعے پاکستان کو عالمی تجارت میں اعلیٰ مقام حاصل ہو گا ' مخالفین کی کوششوں کے باوجود پاکستان ترقی کر رہا ہے اور انشاء اللہ کرتا رہے گا۔ ہفتہ کو احسن اقبل نے دوسری 2017ء بین الاقوامی بزنس کانفرنس نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جدید ٹیکنالوجی اور دریافتوں کا دور ہے۔ وقت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کرنے والی قومیں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ اپنی مصنوعات کو جدید نہ بنانے والی کمپنیاں بھی تاریخ کا حصہ بن جاتی ہیں۔ آج کے دور میں کوئی کمپنی یا ملک اکیلا کچھ نہیں کر سکتا۔ بہتر سے بہتر خدمات دینے کیلئے ممالک مل جل کر کام کر رہے ہیں۔ ہر معیشت کو اپنے ترقی رکھنے والے شعبوں کو جاننے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی جامعات کو ترقی کیلئے آگے چلنا ہو گا۔ 2013ء میں جب حکومت سنبھالی تو ملک کوبڑے چیلنجز کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج توانائی بحران کا تھا۔ حکومت نے بہت حد تک توانائی بحران پر قابو پا لیا ہے۔ 2013ء میں کوئی بھی ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار نہیں تھا۔ پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری چین کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ آج پاکستان میں بنیادی انفراسٹرکچر کے منصوبے معاشی استحکام کی وجہ سے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مخالفین کی کوششوں کے باوجود پاکستان ترقی کر رہا ہے اور انشاء اللہ کرتا رہے گا۔ 10 ہزار میگا واٹ کا اضاف معمولی بات نہیں۔ دھرنوں کے باعث چینی صدر کا دورہ ایک سال موخر کرنا پڑا ۔ دورے میں تاخیر سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ پاکستان پر امن ملک ہے۔