مادر وطن کا دفاع اورخودمختاری ہمارا اولین فریضہ ہے اس پر کسی قیمت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،وزیراعظم
اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مادر وطن کا دفاع اور خود مختاری اور دفاع ہمارا اولین فریضہ ہے جس پر کسی قیمت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر سکیورٹی فورسز بہادری سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں جو ایساف افغانستان میں ہار چکی ہے۔ مشترکہ آپریشن کے تصور سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کسی غیر ملکی فوج کو اپنی سرزمین پر کارروائی کی اجازت نہیں دے گا کیونکہ ملک کی خود مختاری ہمارے لئے مقدم ہے۔جنوبی ایشیا اور افغانستان کے بارے میں امریکہ کی نئی پالیسی سے متعلق سوال پرانہوں نے کہا کہ ہم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کا کوئی محفو ظ ٹھکانا نہیں ہے جبکہ پاکستان میں دہشت گردی کے حملے افغانستان سے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پہلے ہی قابل عمل خفیہ معلومات پر کارروائی کررہا ہے جبکہ ہماری سکیورٹی فورسز نے کینیڈا کے مغوی خاندان کو بھی باز یاب کرایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے ہر حال میں افغانستان اور افغان پناہ گزینوں کی مدد کررہا ہے اور پاکستان سے زیادہ کوئی افغانستان میں امن نہیں چاہتا۔چین پاکستان اقتصادی راہداری پر افغانستان کے تحفظات سے متعلق سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ افغان سامان کی بھارت تک ترسیل کی اجازت دی گئی ہے اور راہداری تجارت کے لئے سمندری راستہ بھی دستیاب ہے تاہم دوطرفہ مسائل بیانات سے نہیں مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے چاہئیں۔