بین الاقوامی ایٹمی دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں'۔سپیشل سیکر ٹری دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا جوہری ہتھیاروں کے اسٹریٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول سیمینار سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان کے سپیشل سیکرٹری دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی ایٹمی دہشت گردی سے نمٹنے سے متعلق تمام انتظامات کررکھے ہیں' پاکستان پرامن ملک ہے اور بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے' ۔
منگل کو سپیشل سیکرتری دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے جوہری ہتھیاروں کے اسٹریٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوہری ہتھیاروںکا پھیلائو دنیا کے لئے اہم مسئلہ ہے۔ معاشی ترقی' پرامن مقاصد کے لئے جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی بھی ضروری ہے۔ پاکستان جوہری ٹیکنالوجی کے تمام حفاظتی طریقہ کار کو پورا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان پرامن ملک ہے اور بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایس جی گروپ کے ذریعے جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلائو کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ این ایس جی کی رکنیت بلا امتیاز اور میرٹ پر ہونی چاہئے۔ پاکستان ذمہ داری کے ساتھ جوہری حفاظتی طریقہ کار پر عمل کررہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان بین الاقوامی معاہدوں اور شرائط پر فعالیت سے عمل درآمد کررہا ہے۔ پاکستان نے بین الاقوامی ایٹمی دہشت گردی سے نمٹنے سے متعلق تمام انتظامات کررکھے ہیں۔