نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کے نتیجے میں ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئی ہے، احسن اقبال
ناروال (آئی این پی ) پاکستانی وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ قومی لائحہ عمل پر موثر عملدرآمد کے نتیجے میں ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں نوے فیصد تک کمی آئی ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار عناصر ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی مدد سے ایسے عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنا دے گی۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی درجہ بندی کرنے والے اوردوسرے عالمی ادارے پاکستان میں تیزی سے بہتر ہونے والی معاشی صورتحال کا اعتراف اور اس کی تعریف کررہے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت فاٹا اصلاحات پر کام کررہی ہے اور قبائلی عوام کو ملک کی دوسری سیاسی جماعتوں کے رائے دھندگان کی طرح ان کے مساوی حقوق دئیے جائیں گے۔نارووال میں نادرا کے نئے قائم کئے گئے جدید دفتر کے افتتاح کے بعد شرکا سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تمام رکاوٹوں کے باوجود تیزی سے اقتصادی ترقی اور سیاسی استحکام کے اہداف کی جانب گامزن ہے۔احسن اقبال نے گلگت سے گوادر تک بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو ملک کی تاریخ میں اہم سنگ میل قرار دیا۔