کراچی سرکلر ریلوے ایک تاریخی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے،پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق
لاہور (آئی این پی )پاکستان کے صوبہ سندھ کے عوام کو سفری سہولتیں فراہم کرنے والے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل محمد اطہر کی قیادت میں سندھ حکومت کے ایک وفد نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے ساتھ آج ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرریلوے نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے ایک تاریخی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس پر تیس سال پہلے عملدرآمد کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے اس منصوبے کے حوالے سے مکمل تعاون کرے گی تاہم کسی بھی کام میں جلدبازی کے ذریعے قوم کے وسائل کو ضائع نہیں ہونے دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور تک ریلوے کی میں لائن کی اپ گریڈیشن کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے قابل عمل ہونے کی رپورٹ کا حصہ ہونا چاہیے تھی۔وزیرریلوے نے ہدایت کی کہ تمام معاونین کا چینی ماہرین کی نگرانی میں منصوبے کے ڈیزائن پر اتفاق ہونا چاہیے۔انہوں نے اس منصوبے کو معاشی طور پر قابل عمل بنانے کیلئے مکمل تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔