ترقیاتی کوششیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کا موثر جواب ہیں ، سی پیک پاکستان کے مستقبل کیلئے چین کے اعتماد کا مظہر ہے اس سے ملک کے کونے کونے میں ترقی اورخوشحالی آئے گی ، سی پیک سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلئے میڈیا کے مابین تعاون اہمیت کا حامل ہے،سی پیک پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی ) سی پیک پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ ترقیاتی کوششیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کا موثر جواب ، سی پیک پاکستان کے مستقبل کے لئے چین کے اعتماد کا مظہر ہے جس سے اس کے کونے کونے میں ترقی اورخوشحالی آئے گی۔ پیر کو تیسرا سی پیک میڈیا فورم اسلام آباد میں شروع ہوا ۔جس کا مقصد دونوں ملکوں کے ذرائع ابلاغ کو قریب لاتے ہوئے معلوماتی اورثقافتی اشتراک کو فروغ دینا ہے۔فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی پیک کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط اور میڈیا کے مابین تعاون سی پیک سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کوششیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کا موثر جواب ہے اور ان منصوبوں کی میڈیا کے ذریعے تشہیر سے ان منصوبوں کے مکمل مقاصد کے حصو ل میں مدد ملے گی۔