وزیراعظم نے سی پیک کے تحت مکمل ہو نیوالے پہلے منصوبے پورٹ قاسم پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا
کراچی(آئی این پی ) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کراچی میں پورٹ قاسم کے مقام پر پاور پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان اضافی بجلی کی پیداوار کے قابل ہو چکا ہے اور ملک میں بجلی کی پیداوار ضرورت سے زیادہ ہے ۔یہ پلانٹ سی پیک منصوبے کے تحت تعمیر کیا گیا ہے اور یہ سی پیک میں شامل منصوبوں میں سے پہلا مکمل ہونے والا منصوبہ ہے۔اس منصوبے سے مجموعی طور پر 1320میگاواٹ بجلی تیار کی جائے گی جب کہ مکمل ہونے والے پہلے یونٹ سے 660 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ سال فروری تک ہم اس منصوبے کے دوسرے یونٹ کاافتتاح کردیں گے، چوتھا ایل این جی بجلی گھر پہلے کے مقابلے میں 50 فیصد سستا ہے اور مزید منصوبے اور ایل این جی ٹرمینل بھی تعمیر کررہے ہیں جب کہ متبادل ذرائع سے بھی 200 میگا واٹ بجلی حاصل کریں گے۔